سری نگر، 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سری نگر کے مضافاتی علاقہ علمگری بازار سے تعلق رکھنے والے ایک 35 سالہ نوجوان کی یہاں شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال میں کورونا وائرس کے باعث موت واقع ہوئی ہے جس کے ساتھ جموں وکشمیر میں کورونا وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 9 ہوگئی ہے ۔ تاہم یہ اب تک جموں وکشمیر میں کورونا وائرس سے سب سے کم عمر میں ہونے والی پہلی موت ہے ۔ اب تک جاں بحق ہونے والے نو میں سے سات مریضوں کی عمر 50 برس سے زیادہ تھی اور وہ کورونا کے علاوہ دوسری بیماریوں میں بھی مبتلا تھے ۔ ایک مقامی خبر رساں ایجنسی نے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر چوہدری کے حوالے سے کہا ہے کہ علمگری بازار سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ نوجوان کو 5 مئی کو نمونیا کی تشخیص کے بعد ہسپتال ھٰذا میں داخل کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ مریض کی گذشتہ رات دیر گئے موت واقع ہوئی اور ان کی کورونا وائرس رپورٹ رات کے نو بجے مثبت آئی۔ ذرائع نے بتایا کہ متوفی نوجوان کی کوئی سفری تاریخ نہیں تھی۔
