کشمیر:کورونا وائرس سے نمٹنے سخت پابندیاں عائد

   

بنگلہ دیش سے واپس 160 طلبہ کا علحدہ وارڈ میں جانے سے انکار
سرینگر، 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے کوروناوائرس کی وباء پر قابو پانے کیلئے سخت پابندیاں عائد کردی ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ صرف سرکاری عہدیداروں کو شناختی کارڈ رکھنے پر بھی حمل و نقل کی اجازت دی جائے گی۔ ضلع میں کوئی عوامی سرگرمی نہیں ہوگی۔ وادی کشمیر میں کورونا وائرس کی دستک کے ساتھ ہی ہر سو سناٹا چھا گیا ہے اور لوگ خدشات وتحفظات کے سمندر میں ڈوب گئے ہیں۔ دوسری طرف انتظامیہ نے شہر سری نگر سمیت متعدد علاقوں کو لاک ڈاؤن کردیا ہے ۔ سڑکوں اور کاروباری اداروں کو بند کرکے لوگوں کو اپنے گھروں تک ہی محدود کردیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ وادی میں بدھ کے روز ایک 67 سالہ خاتون جو سعودی عرب سے لوٹی تھی، کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا۔ متاثرہ خاتون کو طبی نگہداشت میں رکھا گیا ہے ۔وسطی کشمیر کے بڈگام قصبہ میں بھی لوگوں کی نقل و حرکت روکنے کے لئے جمعرات کی صبح ہی سیکورٹی فورسز اہلکار تعینات کئے گئے جو ملحقہ علاقوں سے آنے والی گاڑیوں کو قصبے میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں۔ اسی دوران 160 سے زیادہ طلبہ نے مبینہ طور پر علحدہ وارڈ میں جانے سے انکار کردیا جو بنگلہ دیش سے واپس ہوئے ہیں۔ اس موقع پر سرینگر ایرپورٹ پر زبردست ہنگامے کے مناظر دیکھے گئے۔