کشمیر:ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ خدمات ہنوز معطل

   

سری نگر17فروری (سیاست ڈاٹ کام ) وادی کشمیر میں اگرچہ ٹو جی موبائیل انٹرنیٹ خدمات بحال ہیں تاہم سرکاری مواصلاتی کمپنی بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) کی طرف سے براڈ بینڈ انٹرنیٹ خدمات اور دیگر ٹیلی کام کمپنیوں کی ہائی اسپیڈ انٹڑنیٹ خدمات گزشتہ قریب سات ماہ سے مسلسل معطل ہیں جس کے باعث پیشہ ور لوگوں اور صحافیوں کے مشکلات ہنوز دور نہیں ہوئے ہیں۔بتادیں کہ جموں کشمیر یونین ٹریٹری انتظامیہ نے ماہ جنوری کی 24 تاریخ کو وادی کشمیر میں مشروط اور محدود بنیادوں پر ٹو جی انٹرنیٹ خدمات بحال کیں۔ اگرچہ نجی انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرس نے براڈ بینڈ خدمات بھی بحال کی ہیں تاہم بی ایس این ایل کی طرف سے ابھی بھی یہ سروس بحال نہیں ہوئی ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی طرف سے حالیہ ہفتہ وار میٹنگ میں ہائی اسپیڈ موبائیل انٹرنیٹ خدمات کی بحالی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا۔