کشمیریوں کو بدنام کرنے کی کوششیں ملک کے مستقبل کیلئے ضرر رساں: جگموہن سنگھ

   

سری نگر، 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام) آل پارٹیز سکھ کوارڈی نیشن کمیٹی کشمیر کے چیئرمین جگموہن سنگھ رینا نے کہا ہے کہ کشمیر میں نوے کی دہائی میں مسلم اکثریتی طبقے کو ایک مخصوص کمیونٹی کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھنے کا الزام عائد کیا جارہا ہے جس کے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کو دو الگ الگ وائٹ پیپرس جاری کرنے چاہئے تاکہ اس بارے میں لوگوں میں پائے جارہے شکوک و شبہات کو دور کیا جاسکے ۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر کوئی فرد یا کیمونٹی کشمیر کی مسلم برادری سے نارض ہے تو میری وزیر اعظم نریندر مودی سے گزارش ہے کہ وہ دو الگ الگ وائٹ پیپرس جاری کریں جو کشمیر میں سال 1947 سے 1990 تک اور پھر سال 1990 سے آج تک کے حالات پر مبنی ہونے چاہئے تاکہ لوگوں میں پائے جانے والے شکوک وشبہات کو دور کیا جاسکے ۔موصوف چیئرمین نے کشمیریوں اور کشمیریت کو بدنام کرنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات ملک کے مستقبل کے لئے خوش کن نہیں ہے ۔