کشمیریوں کو زدوکوب کرنے کا مقصد ،فرقہ پرستی کا ماحول قائم رکھنا ہے : محبوبہ مفتی

,

   

سری نگر، 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بیرون ریاست کشیریوں کو زد کوب کرنے اور ان کی تذلیل کرنے کا مقصد ملک میں انتخابات تک فرقہ پرستی کے زہر آلود ماحول کو قائم رکھنا ہے ۔اترپردیش کی راجدھانی لکھنو کے ڈالی گنج علاقے میں خشک میوے بیچنے والے دو کشمیریوں کو زد کوب کرنے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ خشک میوے بیچنے والے دوکشمیریوں کی پٹائی کرنے والے زعفرانی کرتوں میں ملبوس تھے اور وی ایچ پی سے وابستہ ہیں اور انہوں نے بلا خوف وڈر اس کا ویڈیو اپ لوڈ کیا۔ایسے واقعات پر مرکزی حکومت کی خاموشی کو ایک سیاسی چال سے تعبیر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے شر پسند عناصر کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے تاکہ انتخابات تک ماحول کو فرقہ پرستی کے زہرسے آلودہ رکھا جاسکے ۔محبوبہ مفتی نے سوالیہ انداز میں کہا ‘جب کشمیریوں کو زدکوب کیا جارہا ہے ان کی تذلیل کی جارہی اور انہیں یہ محسوس کروایا جارہا ہے کہ وہ مجرم ہیں اور اس ملک کے باشندے نہیں ہیں تو پھر جب وہ جنگجو تنطیموں کے زیر سایہ آتے ہیں تو ا س پر حیرانگی کیوں ظاہر کی جاتی ہے ‘۔انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ یہاں ایسے بھی لوگ ہیں جن کے دلوں اور گھروں کے دروازے کشمیریوں کے لئے کھلے ہیں اور یہی ہمارے ملک کی شناخت ہے ۔انہوں نے کہا کہ حب الوطنی کے بھیس میں ملک میں ہندتوا کو فروغ دینا ہمارے ملک کی پہچان نہیں ہے ۔