کشمیری آئی اے ایس عہدیدارکے استعفیٰ کی بنیاد پر مرکزی حکومت پر پی چدمبرم کی تنقید

   

نئی دہلی ۔ 10جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے سینئر قائد پی چدمبرم نے آج بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت پر جموں و کشمیر کے آئی اے ایس عہدیدار شاہ فیصل کے استعفیٰ پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پوری دنیا بے چینی کے ساتھ شاہ فیصل کے استعفیٰ کا نوٹ لے گی ۔ کیونکہ انہوں نے یہ کہتے ہوئے استعفیٰ دیا ہے کہ جموں و کشمیر میں دن بہ دن ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ اس لئے وہ اپنے عہدہ پر برقرار نہیں رہنا چاہتے ۔ اپنے ٹوئیٹر پر پی چدمبرم نے تحریر کیا کہ وہ پہلے کشمیری آئی اے ایس ٹاپر ہیں اور انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ہلاکتوں میں اضافہ کی ذمہ دار ہے ۔ میں شاہ فیصل کو سلام کرتا ہوں کیونکہ اُن کے بیان کا ہر لفظ درست ہے اور بی جے پی حکومت کی طرف اُن کے انگلی اٹھانے کو پوری دنیا بے چینی اور دفاعی موقف میں اٹھائی ہوئی آواز تصور کرے گی ۔ شاہ فیصل نے سیول سروسیس سے استعفیٰ دے دیا ہے اور کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے پُرخلوص کوشش نہیں کی کہ کشمیریوں تک رسائی حاصل کی جاسکے اور ہندوستانی مسلمانوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے ۔