سری نگر، 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر حکومت کے محکمہ اعلیٰ تعلیم اور ملک کے مختلف حصوں میں زیر تعلیم کشمیری طلبا کی مدد کیلئے تعینات لیزان آفیسرس پر ان طلبا کی پرائیویسی کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کا الزام ہے ۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم اور لیزان آفیسرس کی نگرانی میں جموں وکشمیر کے اُن طلبا کی فہرستیں مرتب کی گئی ہیں جو کورونا وائرس کے پیش نظر اپنے گھروں کو واپس لوٹنے کے خواہشمند ہیں لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر نہ صرف ان فہرستوں میں طلبا کے موبائل نمبرات اور دیگر ذاتی معلومات شامل کی گئی ہیں بلکہ ان فہرستوں کو پبلک ڈومین میں بھی جاری کیا گیا ہے جس پر طالبات اور ان کے والدین نے اپنے تحفظات و اعتراضات کا اظہار کیا ہے ۔
