کشمیری طلبا کیمپس سے باہر نہ جائیں : اے ایم یو

   

علیگڈھ 17 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) علیگڈھ مسلم یونیورسٹی نے اپنے کشمیری طلبا کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ احتیاطی طور پر کیمپس سے باہر نہ جائیں کیونکہ شہر میں پلواما حملے کے بعد احتجاج پھوٹ پڑا ہے ۔ یونیورسٹی حکام نے یہ بات بتائی ۔ کشمیر میں پلواما کے مقام پر جمعرات کو ہوئے دہشت گردانہ حملے میں سی آر پی ایف کے 40 جوان ہلاک ہوئے تھے ۔ علیگڈھ کے کئی شہروں میں اس حملے کے خلاف احتجاج شروع ہوگیا ہے جس کو دیکھتے ہوئے علیگڈھ مسلم یونیورسٹی انتظامیہ نے اپنے کشمیری طلبا کو کیمپس سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔ یونیورسٹی کے پراکٹ محسن خان نے بتایا کہ یونیورسٹی حکام کی جانب سے کیمپس میں بھی لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے ۔ انہوں نے یہ واضح کردیا کہ سوشیل میڈیا پر کچھ اشتعال انگیز پیامات آ رہے ہیںجن کو دیکھتے ہوئے زیادہ چوکسی برتی جا رہی ہے ۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی لاقانونیت کو برداشت نہیں کیا جائیگا اور نہ ہی کسی قوم مخالف سرگرمی کی یہاں اجازت دی جاسکتی ہے ۔