لکھنو28ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم جموں و کشمیر کے طلبہ کو پوری سیکورٹی اور سہولیت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے سرکاری رہائش گاہ پانچ کالی داس مارگ پر کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلبہ سے ملاقات کی اور انہیں پوری سیکورٹی و سہولیت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ یہاں جس مقصد سے آئے ہیں اسے پورا کریں۔ریاستی حکومت ان کا پورا خیال رکھے گی۔ انہوں نے طالب علموں سے ان کو درپیش مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور کہا کہ حکومت انہیں حل کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔ چیف منسٹر نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) کے 40طالب علموں کو بھی ملنے کے لئے مدعو کیا تھا لیکن ان میں سے کوئی نہیں آیا۔ اے ایم یو کے طالب علموں کا کہنا تھا کہ اگر وزیر اعظم نریندر مودی یا بی جے پی صدر امیت شاہ انہیں بلائیں گے تو وہ جانے کو تیار ہیں۔یوگی آدتیہ ناتھ سے ان کے مسائل کا حل نہیں نکلے گا۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے طلبہ سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کے ضمن میں ان کی رائے جانی۔