کشمیری عوام جمہوریت کو مضبوط کر رہے ہیں: مودی

   

کانگریس محبت کی دکان پر نفرت کا سامان بیچ رہی ہے’ سرینگر میں انتخابی ریالی سے خطاب

سرینگر : وزیر اعظم نریندرمودی نے آج سرینگر میں جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کیلئے ایک الیکشن ریالی سے خطاب کرتے ہوئفے کہا کہ کشمیر کے عوام ہندوستان کی جمہوریت کو مضبوط کررہے ہیں ۔جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ اسٹیشنوں پر بڑی تعداد میں عوام کے آنے کیلئے ووٹروں کی بھر پور ستائش کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے جمعرات 19 ستمبر کو کشمیر میں تین دہائیوں سے جاری عدم استحکام کیلئیگاندھیوں، عبداللہوں اور مفتیوں پر حملہ کیا اور ریاست کے موقف کی بحالی کے اپنے وعدے کا اعادہ کیا۔انہوں نے اس بات کو دہرایا کے جموں وکشمیر کو تین خاندانوں کی وجہ سے نقصان ہوا ہے۔مودی نے کانگریس ‘ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو اس کیلئے ذمہ دار ٹہرایا اور ان جماعتوں پر تنقید کی ۔ مودی نے نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی اور کانگریس پرپاکستانی ایجنڈے پر عمل پیرا ہونے کاالزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ زمین پر کوئی طاقت دفعہ 370کو بحال نہیں کرسکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس ، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے جموں وکشمیر میں سیاسی دکان چلانے کے لئے دہائیوں تک نفرت کا سامان بیچا ۔وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ تینوں خاندانوں نے نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ وبرباد کیا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ 370 کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کیا گیا اور کوئی سیاسی جماعت اس کو یہاں پر دوبارہ لاگو نہیں کرسکتی ہے ۔ مودی نے کہا کہ ادھمپور میں ایک نئے میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ نئے جموں وکشمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی خاطر بی جے پی امید واروں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں ۔نریندر مودی نے کہا کہ آج دنیا دیکھ رہی ہے کہ جموں وکشمیر کے نوجوان ہندوستان کی جمہوریت کو کس طرح مضبوط کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کے لئے میں جموں و کشمیر کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔