عظمیٰ شاکر کی درخواست مسترد
حیدرآباد۔/31 اگسٹ، ( سیاست نیوز) پولیس نے دھرنا چوک اندرا پارک پر کشمیری عوام کے حق میں احتجاج کی اجازت نہیں دی۔ کانگریس کی قائد عظمیٰ شاکر نے ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون کو اندرا پارک پرآج دھرنا منظم کرنے کی اجازت دینے کی تحریری درخواست دی تھی۔ آج صبح پولیس عظمیٰ شاکر کی قیامگاہ پہنچی اور کہا کہ اگر دھرنا منظم کرنے کی کوشش کی جائے گی تو انہیں حراست میں لے لیا جائے گا۔ پولیس کی اجازت نہ ملنے پر دھرنا پروگرام منسوخ کردیا گیا۔ عظمیٰ شاکر نے کہا کہ پولیس راجندر نگر میڈیا اور عوام کو اُن سے ملاقات کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 27 اگسٹ کو سرکل انسپکٹر سیف آباد کو تحریری طور پر درخواست دی گئی اور گن پارک پر دھرنا کی اجازت طلب کی۔ پولیس نے گن پارک کے بجائے دھرنا چوک پر احتجاج کا مشورہ دیا اور ڈی سی پی سنٹرل زون سے ملاقات کی صلاح دی۔ 29 اگسٹ کو انہوں نے ڈی سی پی سنٹرل زون سے ملاقات کرتے ہوئے تفصیلات سے واقف کرایا جس پر انہوں نے تحریری درخواست دینے کی خواہش کی۔ دوسرے دن سرکل انسپکٹر گاندھی نگر نے فون پر دھرنے کے ایجنڈہ اور شریک ہونے والے افراد کی تعداد کے بارے میں سوالات کئے۔بعد میں ایک اور پولیس عہدیدار نے تفصیلات دریافت کی۔ پولیس نے می سیوا پر 145 روپئے چالان بھرنے کا مشورہ دیا لیکن کل رات لمحہ آخر میں دو مختلف وجوہات کے سبب دھرنے کی اجازت منسوخ کردی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ بعض دیگر افراد نے بھی دھرنے کی اجازت طلب کی تھی لہذا کسی کو اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ جبکہ ڈی سی پی سنٹرل زون نے کوئی اور وجہ بتائی۔ عظمی شاکر نے کہا کہ اگرچہ گنیش اور محرم کا آغاز 2ستمبر کو ہورہا ہے لہذا امن و ضبط میں خلل کا کوئی اندیشہ نہیں تھا اس کے باوجود دھرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ عظمیٰ شاکر نے کہا کہ جمہوریت میں عوام کو احتجاج کی اجازت دی گئی ہے۔ کشمیری عوام پر مظالم روکنے اور سیاسی قائدین کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کا منصوبہ تھا۔