سری نگر۔ 29 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ جی کشن ریڈی نے جموں کشمیر پیپلز موومنٹ کے ترجمان ڈاکٹر غلام مصطفیٰ خان کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران کہا ہے کہ جموں کشمیر کی علاقائی سیاسی جماعتوں کے محروس سیاسی لیڈروں کے ساتھ ہمیں کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے اور انہیں عنقریب رہا کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جموں کشمیر کے جملہ ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر انجام دیے جائیں گے ۔ڈاکٹر مصطفیٰ خان نے قومی راجدھانی دلی میں ہوئی اس ملاقات کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے یو این آئی اردو کو بتایا کہ قریب آدھے گھنٹے کی اس ملاقات میں محبوس سیاسی لیڈروں خاص کر پیپلز موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر شاہ فیصل کی فوری رہائی کے علاوہ جموں کشمیر کے بارے میں تین اہم امور اور ضلع بانڈی پورہ کی ترقی کے کئی امور زیر بحث آئے ۔انہوں نے کہا کہ موصوف مرکزی وزیر مملکت نے یقین دہانی کی کہ وادی کے محبوس سیاسی لیڈروں کو عنقریب رہا کیا جائے گا، ان کے ساتھ ہماری کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے ۔موصوف ترجمان نے کہا کہ جی کشن ریڈی نے سال گزشتہ کے ماہ نومبر میں بھاری برف سے تباہ ہوئے باغ مالکان کو معاوضہ دینے ، کسانوں کے کے سی سی قرضوں کی معافی اور گجر بکروال طبقے کو الگ کوٹے کی فراہمی کے ہمارے مطالبوں پر غور کرنے کی بھی یقین دہانی کی۔