حیدرآباد : پرانے شہر کے علاقہ غلام مرتضیٰ چھاؤنی فلک نما سے ایک کشمیری لڑکی لاپتہ ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق شاہینہ بیگم جو فروح احمد شاہ کی بیوی ہے جن کا تعلق کشمیر سے ہے کی 16 سالہ بیٹی نازیہ بانو 22 ڈسمبر کو میڈیکل شاپ کے لئے گئی تھی اور مکان واپس نہ لوٹی۔ اِس سلسلہ میں لڑکی کی ماں نے اپنی بیٹی کو تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔ درخواست میں شاہینہ بیگم نے بتایا کہ اُن کی لڑکی کی گمشدگی کے پس پردہ اسمٰعیل خان ساکن سائی نگر فلک نما بتایا جاتا ہے۔ درخواست موصول ہونے پر چھتری ناکہ پولیس نے اغواء کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اُس کی تلاش شروع کردی۔ سب انسپکٹر چھتری ناکہ بی مہیش نے کہاکہ گمشدہ لڑکی اور اسمٰعیل خان دونوں کے پاس موبائیل فون نہ ہونے کے نتیجہ میں اُن کا پتہ لگانے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں جبکہ لڑکی کی ماں نے ڈی سی پی ساؤتھ زون سے ملاقات کرتے ہوئے اُن کی لڑکی کا فوری پتہ لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔