ہیوسٹن، 22 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) امریکہ پہنچنے کے چند گھنٹوں کے اندر اندر وزیر اعظم نریندر مودی سے اتوار کو کشمیری پنڈتوں کے ایک وفد نے ملاقات کر کے حکومت کی جانب سے دہشت گردی سے متاثر جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے سے متعلق دفعہ 370 کا خاتمہ کرنے اور ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے کے اقدامات کی پرزور حمایت کی۔ وزیر اعظم کے دفتر نے ٹویٹ کر کے کہا‘‘ہیوسٹن میں کشمیری پنڈت برادری کے ایک وفد نے وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔ انہوں نے بھارت کی ترقی اور ہر ہندوستانی کو بااختیار بنانے کے لئے اٹھائے جا رہے اقدامات کی پرزور حمایت کی’’ ۔ جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے سے متعلق دفعہ 370 کو ختم کرنے اور ریاست کو جموں و کشمیر اور لداخ کو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے کے پانچ اگست کو کئے گئے فیصلے کے بعد مودی کایہ پہلا امریکہ دورہ ہے ۔
