بی جے پی اپنی ناکامی چھپا نہیں سکتی‘ کانگریس کا الزام
نئی دہلی : کشمیری پنڈتوں کی نقل مکانی کی کہانی کے نام پر سیاسی ایجنڈے کے تحت بنائی گئی ہدایت کار وویک اگنی ہوتری کی فلم ’دی کشمیر فائلس‘ کو لیکر سیاسی گھمسان جاری ہے۔ فلم کی ریلیز کے بعد سے بی جے پی اور اس کے حامی کشمیری پنڈتوں کی حالت زار کے لیے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ حالانکہ سچ یہ ہے کہ اس وقت ریاست میں گورنر راج تھا اور مرکز میں بی جے پی کی ہی حمایت سے وی پی سنگھ حکومت برسراقتدار تھی۔بی جے پی کی اس سیاست پر کانگریس نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک فلم کی آڑ میں اپنی ناکامی کو چھپا نہیں سکتی۔ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل کا کہنا ہے کہ انھوں نے فلم دیکھی ہے اور یہ ادھورے سچ کو ظاہر کرتی ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری رندیپ سرجے والا نے کہا کہ وہ راجیو گاندھی ہی تھے جنھوں نے کشمیری پنڈتوں کی نقل مکانی کے وقت پارلیمنٹ کا گھیراؤ کیا تھا اور حکومت سے گزارش کی تھی کہ وہ متاثرین کی مدد کرے،۔ وہ تکلیف میں تھے کیونکہ ان کا خاندان وہیں سے آیا تھا۔ اس وقت مرکز میں حکومت کس کی تھی؟ بی جے پی کی حمایت سے وی پی سنگھ اقتدار میں تھے۔
