سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے دعویٰ کیا کہ کشمیری پنڈتوں کو منتقل ہونے پر مجبور کرنے کا مقصد کشمیریوں کو بدنام کرنا تھا۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں اپنی رہائش گاہ گپکار روڑ پر پنڈت برادری کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی ہے ۔نیشنل کانفرنس کے ایک ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پنڈت برادری کا ایک اعلیٰ سطحی وفد، جس کی قیادت نیشنل کانفرنس اقلیتی سیل کے صدر پنڈت ایم کے یوگی کررہے تھے ، نے یہاں پارٹی صدر فاروق عبداللہ سے ملاقات کی۔ اس موقعے پر پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی بھی موجود تھے ۔ وفد نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو اُن مصائب اور مشکلات سے آگاہ کیا جو مہاجر پنڈتوں کو باہری ریاستوں میں درپیش ہیں۔ وفد نے کہا کہ جموں میں مقیم مہاجر پنڈتوں کو معقول رہائشی سہولیات میسر نہیں جس سے انہیں زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ فاروق عبداللہ نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کو رات کے اندھیرے میں جس سازش کے تحت ہجرت کرنے کے لئے مجبور کیا گیا اُس کی سچائی ابھی تک سامنے کیوں نہیں لائی جارہی ہے ؟ انہوں نے کہاکہ جن لوگوں نے پنڈتوں کو ہجرت کرنے کے لئے مجبور کیا انہوں نے آپ سے وعدہ کیا تھا کہ آپ کو اڑھائی ماہ کے اندر اندر واپس اپنے گھروں کو واپس لایا جائے گا لیکن 31 سال گزر جانے کے باوجود بھی ایسا نہیں ہوا۔