ٹوکیو اولمپکس 2020 ء کی تیاریوں کا جائزہ: وزیر اسپورٹس کرن رجیجو
نئی دہلی ۔ 3 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر کھیل کود و امور نوجوانان کرن رجیجو نے کہ کہ جموں و کشمیر اور شمال مشرقی ریاستوں میں کھیل کود کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز کے علاقوں میں کھیل کود کے زیادہ مواقع اور سہولتوںکی فراہمی ضروری ہے ۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے بعد اسپورٹس ا یجوکیشن بورڈ کے قیام کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی بھی یکساں اسپورٹس کوڈ کے تحت ہوگا ۔ شمال مشرقی خطہ میں بی جے پی کا چہرہ سمجھے جانے والے کرن رجیجو کو مودی حکومت کے دوسرے دور میں راج وردھن راتھوڑ کی جگہ کھیل کود اور امور نوجوانان کی وزارت سونپی گئی جو (آزاد چارج) ہے۔ اروناچل پردیس سے رکن پارلیمنٹ کرن رجیجو حکومت کی اسپورٹس پالیسی اور مہم میں اہم رول ادا کر رہے ہیں۔ وزیر کھیل کود کی حیثیت سے وہ کھیل کود کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے مختلف کیمپس کا دورہ کر رہے ہیں۔ ہندوستان میں ٹوکیو اولمپکس 2020 ء کی تیاریاں خاموشی سے جاری ہیں۔ مملکتی وزیر داخلہ سے وزیر کھیل کود بنائے جانے پر ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ ذمہ داریوں میں بہت بڑی تبدیلی ہے اور یہ یکسر مختلف ہیں۔ وزارت داخلی امور میں بارڈر سیکوریٹی سے داخلی سلامتی ، پولیس، ایمیگریشن ، پروٹول اور انٹلیجنس تک کی نگرانی کرنی پڑتی تھی لیکن کھیل کود مخصوص اور محدود شعبہ ہے۔