چار پرسنل سیکورٹی آفیسر نوکری سے برطرف
سری نگر 31دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سرینگر میں واقع کانگریس ایم ایل سی محمد مظفر پرے کی رہائش گاہ سے چار سروس رائفلزغائب ہونے کے ایک روز بعد محکمہ پولیس نے سوموار کووہاں تعینات چار پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی کے ساتھ غفلت برتنے کی پاداش میں نوکری سے برطرف کردیا ہے ۔یاد رہے کہ اتوار کے روزے جواہر نگر علاقے میں واقع مظفر پرے کی سرکاری رہائش گاہ کے گارڑ روم سے چار اے کے 47 رائفلز غائب ہوئی تھیں۔پولیس کے ترجمان نے کہا کہ چار پولیس اہلکار، جوکانگریس ایم ایل سی محمد مظفر پرے کی سرکاری رہائش گاہ پر بحثیت ‘ذاتی محافظ’ مامور تھے ، کو ڈیوٹی کے ساتھ غفلت برتنے اور ڈیوٹی سے غیر قانونی طور پرغیر حاضررہنے کی پاداش میں نوکری سے بر طرف کیا گیا ہے ۔ذرائع کاکہنا ہے کہ اتوار کی شام کو ان چار پولیس اہلکاروں سے پوچھ گچھ کی گئی جس کے بعد انہیں نوکری سے بر طرف کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ سرینگر میں گذشتہ چار مہینوں کے دوران یہ اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے ۔ اس سے قبل رواں سال کے ماہ ستمبر میں ایک سپیشل پولیس آفیسر سرینگر کے اسی علاقے میں پی ڈی پی کے لیڈر اور اس وقت کے ایم ایل اے اعجاز احمد میر کی رہائش گاہ سے 7رائفلز اور ایک پستول لوٹ کر فرار ہوا تھا۔عادل بشیر شیخ نامی یہ سپیشل پولیس آفیسر بعد ازاں حزب المجاہدین نامی جنگجو تنظیم میں شامل ہوا تھا اور تنظیم کے اعلیٰ کمانڈروں کے ساتھ اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔اس واقعہ کے چند روز بعد محکمہ پولیس نے ایک حکم نامہ جاری کیا تھا جس کے تحت تمام سپیشل پولیس آفیسروں بجز سپیشل پولیس آفیسر ڈرائیوروں کو ‘وی آئی پی شخصیات’ کی حفاظت پر تعیناتی سے ہٹا یا گیا تھا۔