کشمیر: رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ

   

سری نگر : وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چلہ کلاں کے آغاز میں ہی اپنے تیکھے تیور دکھاتے ہوئے سردیوں کے زور کو تیز تر کر دیا۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں رواں سیزن کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی جب شبانہ درجہ حرارت منفی 4.2 ڈگری سیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔قبل ازیں سری نگر میں 16 دسمبر کو سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ،جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں منفی12.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔