کشمیر سے سیاحوں کے انخلا پر بی جے پی و شیو سینا میں ٹکراؤ

   

مہاراشٹرا کے سیاحوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعہ واپس لانے کا کریڈٹ لینے رسہ کشی

ممبئی : کشمیر کے پہلگام علاقہ میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کے بعد وہاں پھنسے مہاراشٹر کے سیاحوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے واپس لانے کے اقدام پر ریاست کی حکمران جماعتوں بی جے پی اور شیو سینا میں کریڈٹ حاصل کرنے کی رسہ کشی شروع ہو گئی ہے ۔ جمعہ کو وزیراعلیٰ دفتر (سی ایم او) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا کہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی ہدایت پر حکومت نے 500 سیاحوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعہ واپس لایا ہے ، تاہم شیو سینا نے اس کارنامے کا سہرا نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شنڈے کے سر باندھا۔ شیو سینا کے بیان کے مطابق، 520 مسافروں کو سری نگر سے چار پروازوں کے ذریعے ایئر لفٹنگ کیا گیا، اور شنڈے نے بذات خود ان امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔ شنڈے کے دفتر کے ایک نمائندے نے دعویٰ کیا کہ شیو سینا نے ان تمام 520 سیاحوں کے ہوائی سفر کا مکمل خرچ برداشت کیا۔ دوسری طرف سی ایم او کے مطابق، وزیر اعلیٰ فڑنویس نے جمعرات کو کابینی وزیر گریش مہاجن کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا، اور اگر مزید پروازوں کی ضرورت پیش آئی تو ریاستی حکومت اخراجات برداشت کرے گی۔ حملے کے فوری بعد ریاستی حکومت نے سیاحوں کو واپس لانے کی کوششیں شروع کر دیں تھیں، اور بدھ کو فڑنویس نے کوآرڈینیشن کے لیے گریش مہاجن کو ذمہ داری سونپی۔ اسی دن حکومت نے اعلان کیا کہ کابینی وزراء آشیش شیلار اور منگل پربھات لودھا ممبئی ہوائی اڈے پر موجود تھے جہاں حملے میں جاں بحق افراد کی لاشیں لائی گئیں۔ شیو سینا نے بھی اپنے وزراء گلاب راؤ پاٹل اور یوگیش کدم کو ہوائی اڈے پر تعینات کیا۔ ایئر لفٹنگ کی نگرانی کے لیے شنڈے بذات خود بدھ کو سری نگر روانہ ہوئے اور وہاں دو روز قیام کیا۔ اس معاملے پر حکمراں اتحاد میں سامنے آنے والی کھینچ تان پر اپوزیشن جماعتوں نے سخت تنقید کی ہے ۔ جمعرات کو کانگریس لیڈر وجے وڈیٹیوار نے حکومتی اتحاد پر افسوسناک واقعے کو خود کی تشہیر کے لیے استعمال کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ شنڈے کا پہلگام کا دورہ غیر ضروری تھا اور ان کی توجہ غمزدہ متاثرین کی دلجوئی پر ہونی چاہیے تھی۔ ادھر شیو سینا نے ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیو سینا (یو بی ٹی) کو خاموشی اختیار کرنے پر نشانہ بنایا۔ شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ نریش مہاسکے نے کہا کہ جب وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنا غیر ملکی دورہ مختصر کر دیا اور وزیر داخلہ امت شاہ نے پہلگام کا دورہ کیا، تو شنڈے فوری طور پر سری نگر پہنچ گئے تاکہ مراٹھی سیاحوں کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے ، لیکن ٹھاکرے خاندان یورپ کی ٹھنڈی فضا میں محو سفر تھا۔