کشمیر سے عازمین حج کی جدہ روانگی، پہلے قافلے کو گورنر نے رخصت کیا

   

سری نگر، 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے کشمیری عازمین کی سعودی عرب کے شہر جدہ روانگی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور سری نگر کے انٹرنیشنل ائر پورٹ سے جمعرات کو 304 عازمین پر مشتمل پہلے قافلے کو ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے رخصت کیا۔سری نگر کے مضافاتی علاقہ بمنہ میں واقع سری نگر حج ہاؤس سے جمعرات کی صبح حجاج کو ایس آر ٹی سی کی مخصوص گاڑیوں کے ذریعے ائر پورٹ پہنچایا گیا۔ حجاج کرام پہلے سری نگر سے دہلی روانہ ہوں گے اور بعد ازاں دہلی سے سعودی عرب کے شہر جدہ روانہ ہوں گے ۔ متعلقہ انتظامیہ نے حجاج کرام کی سہولیات کے لئے تمام تر انتظامات کئے ہیں۔اس موقع پر حج ہاؤس سری نگر کے سی ای او ڈاکٹر عبدالسلام نے بتایاکہ امسال 11 ہزار 700 کشمیری فریضہ حج کی ادائیگی سے شرفیاب ہوں گے جن میں سے 750 دہلی سے جدہ روانہ ہوں گے جب کہ باقی سری نگر کے انٹر نیشنل ائر پورٹ سے روانہ ہوں گے ‘۔ضلع مجسٹریٹ سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے میڈیا کو بتایا کہ حجاج کرام کا پہلا قافلہ سری نگر ہوائی اڈے سے جمعرات کو دو اسپائس جیٹ طیاروں کے ذریعے روانہ ہو گئے ۔انہوں نے کہا کہ سری نگر ہوائی اڈے سے 4 جولائی سے 29 جولائی تک حج پروازیں اڑان بھریں گی۔شاہد اقبال نے کہا کہ حجاج کرام کی سہولیات کے لئے تمام تر انتظامات کو عملی شکل دی گئی ہے ، انہوں نے حجاج کے احباب و اقارب سے سری نگر ائر پورٹ پر تشریف لانے سے احتراز کرنے کی اپیل کی ہے ۔حج ہاؤس سری نگر میں حجاج کرام سوئے حرم کی طرف روانہ ہونے لگے تو وہ وہاں موجود اپنے اقارب واحباب کے ساتھ آبدیدہ ہوکر بغل گیر ہورہے تھے ۔ بیشتر عازمین نے کہا کہ وہ اللہ کے گھر ‘خانہ کعبہ’ میں وادی میں امن وامان کی بحالی، خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کریں گے ۔ ایک معمر عازم حج نے بتایا: ‘ہم بہت خوش ہیں کہ حج پر جارہے ہیں۔ اللہ میرا اور ہم سب کا حج قبول فرمائے ۔