سری نگر۔31مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ) قہر انگیزعالمی وبا کورونا وائرس سے متاثرین و مہلوکین کی تعداد میں ہورہے ہوشربا اضافے کے ساتھ وادی کشمیر میں جہاں ایک طرف گزشتہ 13 دنوں سے جاری لاک ڈاؤن ہر گذرتے دن کے ساتھ سخت سے سخت تر ہورہا ہے وہیں لوگوں میں بھی خوف وتشویش کی لہر دن بدن بڑھتی ہی جارہی ہے ۔وادی کشمیر میں منگل کے روز بھی مکمل لاک ڈاؤن جاری رہتے ہوئے ہر سو سناٹے کا عالم چھایا رہا۔ مکمل لاک ڈاؤن کو ممکن بنانے کیلئے جہاں سڑکوں اور گلی کوچوں میں کرفیو جیسی سخت پابندیاں عائد رہیں وہیں متعدد علاقوں کو’ریڈ زون‘ قرار دیکر سیل کیا گیا ہے ۔ حکومت کے ترجمان روہت کنسل کا اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ کورونا وائرس کو قابو میں رکھنے کے لئے مثبت کیسز کے رابطے میں آنے والوں کی جنگی بنیادوں پر تلاش انتہائی اہمیت کی حامل ہے ، جموں، سرینگر، پلوامہ، شوپیاں اور راجوری میں مثبت کیسز کی رہائش گاہوں کے گرد وپیش کئی علاقوں کو گزشتہ روز سیل کیا گیا۔