ورثاء کوفی کس 10 لاکھ روپئے ایکس گریشیا‘چیف منسٹر عمر عبداللہ کا اعلان
سرینگر۔10؍مئی (ایجنسیز ): چیف منسٹرجموں و کشمیر عمر عبد اللہ نے مرکز کے زیر انتظام علاقہ میں پاکستانی گولہ باری میں جاںبحق افراد کے اہل خانہ کو 10‘10 لاکھ روپے ایکس گریشیاکا اعلان کیا ہے۔ نیوز پورٹل اے بی پی کے مطابق ہندوستانی فوج نے 22 اپریل کو پہلگام میں ہوئے دہشت گرد حملہ کے جواب میں 7 مئی کو سرحد کے پار 9 دہشت گرد ٹھکانوں پر حملہ کیا تھا۔ اس کے بعد گزشتہ 4 روز میں پونچھ، راجوری، جموں اور بارہمولا سیکٹرس میں پڑوسی ملک کی گولہ باری میں ایک ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر اور 19 دیہی افراد مارے گئے۔پاکستانی گولی باری میں جن 19 لوگوں کی ہلاکت ہوئی ہے ان میں 12 لوگوں کی موت چہارشنبہ کے روز پونچھ میں ہوئی جب کہ جمعہ کو اری اور پونچھ میں دیگر 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ اس کے علاوہ ہفتہ کی صبح پاکستانی گولہ باری میں ایک سینئر سرکار افسر سمیت 5 لوگوں کو اپنی جان گنوانی پڑی۔
واضح ہو کہ چیف منسٹر جموں وکشمیرعمرعبد اللہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’پاکستان کی جانب سے حال ہی میں کی گئی گولی باری کی وجہ سے بے قصور لوگوں کی جان جانے سے مجھے گہرا دکھ ہوا ہے۔ میری حکومت اپنے لوگوں کی پریشانیوں کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔چیف منسٹرکے دفتر کی جانب سے شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ حالانکہ کوئی بھی معاوضہ کسی پیارے کو کھونے کی بھرپائی نہیں کر سکتا اور نہ ہی اہل خانہ کے نقصان کا ازالہ کر سکتا ہے لیکن حمایت اور یکجہتی کی علامت کے طور پر تمام مرنے والوں کے لواحقین کو 10‘10 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا رقم فراہم کی جائے گی۔ ساتھ ہی عمر عبد اللہ نے کہا کہ ہم دکھ کے اس وقت میں ہر متاثرہ اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔