کشمیر میںکورونا کے بیچ جنگجوؤں کی ہلاکت اور بھرتی میں نمایاں اضافہ

   

Ferty9 Clinic

سری نگر، 15 جون ( سیاست ڈاٹ کام) کورونا قہر کی قہرسامانیوں کے بیچ جہاں جموں وکشمیر میں تمام تر معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں وہیں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم آرائیوں کے دوران جنگجوؤں کی ہلاکت کے سلسلے میں نسبتاً تیزی ہی درج ہورہی ہے جس کے نتیجے میں کورونا اورلاک ڈاؤن کے دوران اب تک قریب 70 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں جن میں بعض نامور کمانڈرس بھی شامل ہیں۔باوثوق ذرائع کے مطابق کورونا لاک ڈاؤن کے بیچ کشمیر میں جنگجوؤں کی ہلاکتوں ہی میں اضافہ نہیں ہوا ہے بلکہ نوجوانوں کی طرف سے جنگجو تنظیموں میں شمولیت اختیار کرنے کا رجحان بھی بڑھ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں سال رواں اپریل کی 7 تاریخ تک مختلف علاقوں میں مسلح تصادم آرائیوں کے دوران 41 جنگجو ہلاک ہوئے تھے جبکہ ماہ رواں کی 13 تاریخ تک یہ تعداد 100 ہوگئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ وادی میں رواں برس اب تک 100 جنگجو مارے جاچکے ہیں جن میں حزب المجاہدین اور جیش محمد کے بعض اعلیٰ کمانڈر بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی میں سرگرم جنگجو ہتھیاروں کی قلت کے بحران سے دوچار ہیں اور حزب المجاہدین سے وابستہ جنگجوؤں کو ہتھیاروں کی قلت کی وجہ سے خالی ہاتھوں لڑنا پڑتا ہے ۔دوسری جانب اپریل کی 7 تاریخ تک صرف چھ نوجوانوں نے جنگجویت کی راہ اختیار کی تھی جبکہ ماہ رواں کے دوران اب تک یہ تعداد بھی بڑھ کر 44 ہوگئی ہے ۔