جموں ۔ /31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر میں منگل کی نصف شب سے براڈ بینڈ انٹرنیٹ سرویس سرکاری زیرانتظام دواخانوں میں بحال کردی جائے گی اور تمام موبائیل فونس پر ایس ایم ایس کی سہولت بھی دوبارہ دستیاب ہوجائے گی ۔ جموں و کشمیر میں /4 اگست کو انٹرنیٹ سرویس ‘ لینڈ لائن اور موبائیل فونس بند کردیئے گئے تھے جس کے ایک روز بعد مرکز نے جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ منسوخ کردینے اور ریاست کو دو مرکزی علاقوں میں تقسیم کرنے کا اعلان کیا ۔ موبائیل انٹرنیٹ کے سوا ء دیگر زیادہ تر سرویسیس جموں میں اندرون ایک ہفتہ بحال کردی گئی لیکن کشمیر میں لینڈ لائن اور پوسٹ پیڈ سرویس مرحلہ وار بحال کی گئی ۔ جموں و کشمیر نظم و نسق کے ترجمان روہت کنسل نے آج یہاں میڈیا کو بتایا کہ تمام سرکاری دواخانوں کو /31 ڈسمبر کی نصف شب سے انٹرنیٹ کنکشن بحال کردینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ موبائیل فونس پر ایس ایم ایس کی سہولت پوری طرح بحال کی جارہی ہے ۔ تاہم کشمیر میں انٹرنیٹ اور پری پیڈ موبائیل سرویس کو ہنوز بحال نہیں کیا گیا ہے ۔ /10 ڈسمبر کو حکومت نے کہا تھا کہ کشمیر میں موبائیل فونس کیلئے مشین پر مبنی ایس ایم ایس کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ اسٹوڈنٹس ودیگر کو سہولت ملے ۔