کشمیر میں امن کیلئے مذاکرات ہی واحد راستہ : فاروق عبداللہ

   

جموں 30 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے آج کہا کہ جموںو کشمیر میں قیام امن کیلئے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت بہت جلد اس سلسلہ میںپاکستان سے اور دوسرے فریقین سے بات چیت کا آغاز کریگی ۔ فاروق عبداللہ نے امرناتھ یاترا جانے والوں کیلئے نیک تمناوں کا اظہار بھی کیا ۔ انہوں نے یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام نظریات رکھنے والوں سے بات چیت ہی ریاست میں قیام امن کا واحد راستہ ہے ۔ سبھی کے ساتھ بات چیت کا آغاز کیا جانا چاہئے ۔ پاکستان سے بھی بات چیت ہونی چاہئے تاکہ ریاست میں امن قائم ہوسکے ۔ سابق چیف منسٹر نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ تمام متنازعہ مسائل کو بات چیت کی میز پر بیٹھ کر ہی حل کیا جاسکا ہے ۔ انہیں امید ہے کہ ہندوستان اور پاکستان بھی بات چیت کا آغاز کرینگے ۔