کشمیر میں انکاونٹر ‘ ڈی ایس پی اور 3 دہشت گرد ہلاک

   

سرینگر 24 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے کلگام ضلع میں ہوئے ایک انکاونٹر میں ایک ڈی ایس پی ‘ ایک فوجی جوان اور جئیش کے تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی اور کہا کہ یہ انکاونٹر کلگام کے توری گام علاقہ میں ہوا ۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ وہاں دہشت گرد موجود ہیں۔ پولیس نے وہاں تلاشی لینے کا فیصلہ کیا ۔ پولیس کے پہونچنے پر اس کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس میںڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس امن ٹھاکر شدید زخمی ہوگئے ۔ جب انہیں فوجی دواخانہ منتقل کیا جا رہا تھا وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ ایک فوجی میجر اور دو سپاہی بھی انکاونٹر میں زخمی ہوئے ہیں۔ ایک نان کمیشن عہدیدار حوالدار سومبیر بھی زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ انکاونٹر میں جئیش کے تین دہشت گرد بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ ان میں ایک مقامی بھی ہے جس کی شناخت ہوگئی ہے جبکہ دو کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ انکاونٹر میں زخمی ہونے والے دوسروں کی حالت مستحکم ہے ۔