جن ٹول پلازہ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر پولیس کے ساتھ گھمسان لڑائی اور فائرنگ کے تبادلہ کے درمیان جیش محمد کے تین عسکریت پسند مارے گئے۔ پولیس نے کہاکہ شہر جموں سے 28 کیلو میٹر دور بن ٹول پلازہ کے قریب تین تا چار عسکریت پسندوں کے ایک گروپ کو پولیس نے روک لیا۔ یہ گروپ ایک ٹرک کے ذریعہ وادیٔ کشمیر میں دراندازی کی کوشش کررہا تھا۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیاکہ یہ دہشت گرد کوئی بڑا حملہ کرنے کے لئے بین الاقوامی سرحد عبور کرتے ہوئے ضلع کتھوعہ میں دراندازی کے منتظر تھے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے پی ٹی آئی سے کہاکہ فائرنگ کے تبادلہ میں پہلے ایک دہشت گرد ہلاک اور دیگر گھنے جنگلات میں فرار ہوگئے تھے جن کا تعلق پاکستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیم جیش محمد سے تھا۔ وہ ایک ٹرک کے ذریعہ سفر کررہے تھے۔ اس ٹرک ڈرائیور اور کنڈکٹر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔