کشمیر میں ایس بی آئی کی ایس ایم ایس سروس معطل ، عوام پریشان

   

سری نگر 4نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) وادی کشمیر میں ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کے بیچ سٹیٹ بنک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے پرانے اے ٹی ایم کارڈ اچانک بند ہونے سے ہزاروں لوگ اے ٹی ایم کے ذریعے پیسے نہ نکالنے کے باعث متنوع مشکلات میں مبتلا ہوکر گھریلو خرچہ جات کی بھر پائی کے لئے قرض اور ادھار لینے پر مجبور ہوئے ہیں۔بتادیں کہ ایس بی آئی نے اپنے گاہکوں کو نئے اور چپ والے اے ٹی ایم کارڈ فراہم کئے ہیں اور پرانے اے ٹی ایم کارڑوں کو آر بی آئی کی ہدایات کے تحت مرحلہ وار بند کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے لیکن کھاتے داروں کی بڑی تعداد اب تک پرانے اے ٹی ایم کارڈوں کو ہی استعمال کرتے تھے ۔ادھر متاثرین نے متعلقہ حکام سے وادی میں ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کے پیش نظر پرانے اے ٹی ایم کارڑوں کو بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔