کشمیر میں بجلی کے بحران سے لوگوں کا جینا دو بھر

   

سری نگر : وادی کشمیر میں بجلی کے بحران نے لوگوں کا جینا دو بھر کر دیا ہے اور لوگوں کی جانب سے اب سڑکوں پر آنے کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اچھی خاصی بارشیں ہونے کے باوجود بھی بجلی کی سپلائی میں اعلان شدہ شیڈول سے بھی زیادہ کٹوتی اور آنکھ مچولی سے سر شام ہی ہرسو اندھیرا چھا جاتا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ بجلی کا جو برا حال رواں ماہ کے دوران دیکھا گیا اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ہے ۔پائین شہر سے آنے والے ایک وفد نے کہا کہ اعلان شدہ شیڈول کا بھی کوئی پاس لحاظ نہیں رکھا جاتا ہے ۔محمد عباس نامی ایک مقامی باشندے نے بجلی کی عدم دستیابی کی داستان بیان کرتے ہوئے کہا: ‘پانچ سے سات گھنٹے سے بھی زیادہ وقت تک بجلی غائب رہتی ہے اور پھر جب بجلی جلوہ نما ہو بھی جاتی ہے تو اس کی آنکھ مچولی کا عالم یہ ہوتا ہے کہ شمع بجھانے کے لئے کھڑا ہوتے ہیں تو بجلی چلی جاتی ہے۔