سری نگر، 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکز کے زیر انتظام جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو نے وادی کشمیر میں حالیہ بھاری برف باری کے نتیجے میں تباہ شدہ ڈھانچوں کے لئے فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے ۔ انہوں نے صوبائی کمشنر جموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ جموں ۔ سری نگر قومی شاہراہ پر تودے گر آنے کی وجہ سے درماندہ مسافروں کے لئے اراضی کی نشاندہی کریں اور ان مسافروں کے لئے خوراک ، پانی ، بیت الخلاء، ٹینٹ اور ادویات کا انتظام کریں۔سرکاری ترجمان کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو نے منگل کے روز جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران کشمیر میں حالیہ بھاری برف باری کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا۔
