کشمیر میں برف باری کے بعد فضائی اور ریل خدمات بحال

   

سری نگر، 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں اتوار کی علی الصبح شروع ہونے والا بھاری برف و باراں کا سلسلہ پیر کی رات دیر گئے تھم گیا تاہم ما بعد نصف شب مطلع صاف رہنے کے بعد جب اہلیان کشمیر منگل کی صبح نیند سے اٹھے تو جہاں چمکیلی دھوپ نے ان کا استقبال کیا تو وہیں انہوں نے سڑکوں، گلی کوچوں اور مکانات کے احاطوں میں جمع برف اور پانی کو منجمد پایا۔سڑکوں پر جمع شدہ برف اور پانی کے جم جانے سے وادی میں مسلسل دوسرے دن بھی معمولات زندگی بری طرح متاثر رہے کیونکہ اکثر سڑکوں پر سخت پھسلن پیدا ہوئی تھی جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت کے ساتھ ساتھ ان پر راہگیروں کا چلنا پھرنا بھی مشکل بن گیا تھا۔ جہاں وادی کے تمام اوپری علاقوں میں سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت دن بھر معطل رہی وہیں سری نگر اور مختلف اضلاع کو سری نگر کے ساتھ جوڑنے والی اکثر سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت دوپہر کے وقت بحال ہوئی۔اس دوران وادی میں منگل کو موسم میں نمایاں بہتری آنے کے ساتھ ہی جہاں سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فضائی ٹریفک دو روز بعد بحال ہوا وہیں ریل خدمات بھی بحال ہوئیں۔ تاہم سری نگر [؟] جموں قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہی رہی۔محکمہ موسمیات کے علاقائی ناظم سونم لوٹس نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ اگلے چند دنوں تک موسم خشک اور مطلع صاف رہنے کی وجہ سے رات کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی جبکہ دن کے درجہ حرارت میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی۔ان کا کہنا تھا: ‘اگلے چند روز تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا۔ مطلع صاف رہنے کی وجہ سے رات کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی اور دن کے درجہ حرارت میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی’۔محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری موسمی بلیٹن کے مطابق وادی میں اگلے ایک ہفتے تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا تاہم اس دوران کہیں کہیں پر ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔