کشمیر میں بھاری برفباری ،فضائی و زمینی نظام درہم برہم

   

سری نگر27جنوری (یو این آئی) وادیِ کشمیر میں جاری بھاری برف باری نے نہ صرف زمینی اور ہوائی رابطوں کو مفلوج کر دیا ہے بلکہ کئی سیاح اور مسافر بھی مختلف مقامات پر درماندہ ہو کر رہ گئے ہیں، جس کے باعث پورے خطے میں نقل و حمل اور روزمرہ سرگرمیاں شدید متاثر ہورہی ہیں۔ سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر منگل کے روز دن بھر اڑانوں کی منسوخی اور تاخیر کا سلسلہ جاری رہا اور خراب موسم کے باعث مجموعی طور پر پچاس پروازیں، جن میں پچیس آمد اور پچیس روانگی شامل تھیں، منسوخ کر دی گئیں۔ اس منسوخی کے نتیجے میں سینکڑوں سیاح جو اختتامِ ہفتہ اور یوم جمہوریہ کی تعطیلات منانے کے بعد گھروں کی طرف واپس جانے کی تیاری کر رہے تھے ، وادی میں ہی پھنس گئے اور ہوائی اڈے پر بدنظمی اور پریشانی کا ماحول دیکھنے میں آیا۔ ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا کے ایک اعلیٰ افسر کے مطابق صبح سے ہی برف باری کی شدت اور رن وے کی مسلسل صفائی کے باوجود کم ہوتی ہوئی حد نگاہ کی وجہ سے پروازوں کو آپریٹ کرنا مشکل تھا۔ دن بھر کوششوں کے باوجود پروازوں کو بحال نہ کیا جا سکا اور ایئرلائنوں نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ٹکٹوں اور متبادل شیڈول کے بارے میں براہِ راست متعلقہ ایئرلائن سے رابطے میں رہیں کیونکہ موسم کی صورتحال کسی وقت بھی مزید تبدیل ہو سکتی ہے ۔ شدید برف باری کا اثر صرف فضائی نظام تک محدود نہیں رہا بلکہ زمینی راستوں پر بھی اس کے سنگین اثرات نمایاں ہوئے ۔