کشمیر میں بھاری برف باری معمولات زندگی پانچویں روز بھی متاثر

   

سری نگر، 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں 12 جنوری کی علی الصبح سے جاری برف باری کے سلسلے نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کو ایک بار پھر شدت اختیار کرلی جس دوران تمام بالائی و میدانی علاقوں میں بھاری برف باری ہوئی۔تاہم وادی کے میدانی علاقوں میں جمعرات کو دن کے وقت موسم خشک اور ابر آلود رہا جس دوران سورج نے بھی دن میں کئی بار بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے کی کوششیں کیں۔بھاری برف باری کی وجہ سے درجنوں علاقوں میں رہائشی مکانات اور دیگر ڈھانچے گر آئے ہیں جبکہ بالائی علاقوں میں متعدد جگہوں پر برفانی تودے گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ نیز میدانی و بالائی علاقوں میں سینکڑوں کی تعداد میں درخت جڑ سے اکھڑ گئے ہیں۔یو این آئی اردو کو وادی کے مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بالائی علاقوں بشمول مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ، پہلگام اور سونہ مرگ میں 5 سے 12 فٹ برف کھڑی ہے جبکہ میدانی علاقوں بشمول وسطی کشمیر کے تین اضلاع میں ایک فٹ سے ساڑھے چار فٹ برف کھڑی ہے ۔اس دوران وادی میں شدید برف باری کی وجہ سے معمولات زندگی جمعرات کو مسلسل پانچویں روز بھی بری طرح متاثر رہے ۔ دیہات کو ضلع ہیڈکوارٹروں سے جوڑنے والی اکثر سڑکیں زیر برف ہیں۔ سری نگر اور ضلع ہیڈکوارٹروں میں جن سڑکوں پر سے سنو کلیئرنس مشینوں کے ذریعے برف ہٹائی گئی ہے ان پر بھی بہت کم پبلک ٹرانسپورٹ اور نجی گاڑیاں چلتی ہوئی نظر آئیں۔