کشمیر میں بیاہی یوکرینی کومادروطن کی آزادی کی فکر

   

حکومت ہند اور تمام متعلقہ طاقتوں سے اپیل ۔ کشمیر میں مقیم اولیزا کا جنگ پر ردعمل

پلوامہ : یوکرین اور روس کے درمیان بڑھتی کشیدگیوں کے درمیان ایک یوکرینی خاتون نے وزیراعظم نریندر مودی اور دنیا کی دیگر طاقتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگ زدہ یوکرین کی مدد کریں ۔ چاہے کسی بھی انداز میں ہو ۔ ایک کشمیری سے بیاہی یوکرینی اولیزا نے کہا کہ یوکرین میں ان کی فیملی یہی اپیل کررہی ہے کہ دنیا میں جو بھی طاقتیں قابل ہیں ، وہ یوکرین میں روس کے ملٹری آپریشنس کو روکائے ۔ اولیزا نے جاریہ جنگ پر ردعمل میں کہا کہ انہیں بڑا دکھ ہورہا ہے مجھے میری فیملی کی فکر ہورہی ہے ۔ میں وزیراعظم مودی ، حکومت ہند اور تمام دیگر بڑی طاقتوں سے اپیل کرتی ہوں کہ اس بحران میں یو کرین کی ممکنہ مدد کریں ۔ وہ امن پسند لوگ ہیں ۔ ان پر جنگ تھوپی گئی ہے ۔ اولیزا جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال علاقہ میں آباد ہے ۔ نیوز ایجنسی اے این آئی نے اولیزا سے رابطہ قائم کیا اور ان کے تاثرات معلوم کئے ۔ اولیزا نے کہا کہ ہمارا ملک جمہوریت اور امن کیلئے لڑرہا ہے ۔ ہم اپنی آزادی کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں جبکہ روس ہمیں غلام بنانا چاہتا ہے ۔ دریں اثناء روسی فورسیس نے /24 فبروری کو شروع کردہ اپنی فوجی مہم یوکرین میں بدستور جاری رکھی ہوئی ہے ۔ اس جنگ نے کئی بیرونی اسٹوڈنٹس کو پریشانی میں ڈال دیا جن میں ہندوستان کے ہزاروں طلباء و طالبات شامل ہیں ۔
تازہ اطلاعات کے مطابق وزارت امور خارجہ نے یوکرین کے شہر سومی میں ہندوستانیوں سے اپیل کی ہے کہ تمام تر احتیاط برتیں ، گھروں میں ہی رہیں کیونکہ صورتحال بدستور غیر یقینی ہے ۔ حکومت ہند نے کہا ہے کہ اندرون 24 گھنٹے پھنسے ہوئے طلبہ کو وطن واپس لایا جائے گا ۔