اقوام متحدہ 27 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ چاہتا ہے کہ ہندوستان کشمیر میں عائد کردہ تحدیدات کو فوری ختم کرے ۔ ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات کہی ۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان و پاکستان دونوں کے قائدین سے نیویارک میں ملاقات کی تھی ۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی عہدیدار برائے جنوبی ایشیا الیس ویلس نے کہا کہ ہم کو امید ہے کہ بہت تیزی سے کارروائی ہوگی اور تحدیدات کو ختم کیا جائیگا اور جن لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے انہیں رہا کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ کشمیر کے مسئلہ میں مصالحت کریں بشرطیکہ دونوں ملک اس کی تائید کریں۔ انہوں نے تاہم یہ اعتراف بھی کیا کہ ہندوستان طویل عرصہ سے کشمیر میں مداخلت کو قبول کرنے تیار نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت ہند سے امید کرتے ہیں کہ مقامی قائدین کے ساتھ سیاسی مذاکرات شروع کئے جائیں اور جتنا جلد ممکن ہوسکے انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جائے ۔
