28 گھنٹوں سے زیادہ طویل آپریشن میں2دہشت گرد بھی ہلاک
سرینگر:جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں واقع گلاب گڑھ جنگل میں جمعرات کو جاری تصادم میں فوج کا مزید ایک جوان اور 2 دہشت گردوں کی موت ہو گئی۔ اس سے 28 گھنٹے سے زیادہ عرصہ سے جاری آپریشن میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7 ہو گئی۔ اس تصادم میں دو کیپٹن سمیت فوج کے 5 جوان شہید ہوئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ دونوں دہشت گرد اور ایک جوان جمعرات کو ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ دو کیپٹن سمیت چار فوجی جوان چہارشنبہ کے روز مارے گئے تھے۔ خفیہ جانکاری کے بعد فوج اور پولیس سمیت سیکورٹی فورسز نے چہارشنبہ کی صبح راجوری ضلع کے کالاکوٹ کے باجیمال علاقے میں ایک مشترکہ مہم شروع کی تھی۔ہلاک دونوں دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت پاکستان کے کواری کی شکل میں ہوئی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ وہ تربیت یافتہ تھا جو جموں و کشمیر میں اب بھی فعال سرکردہ دہشت گردوں مٰن سے ایک کی شکل میں مطلوب تھا۔ وہ گزشتہ ایک سال سے اپنے گروپ کے ساتھ راجوری۔پونچھ میں سرگرم تھا۔فوج کے پی آر او کے مطابق فوج اور جموں و کشمیر پولیس کی مشترکہ گھیرابندی اور تلاشی مہم کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ تصادم شروع ہوا۔ ہلاک دہشت گرد ڈانگری اور کنڈی حملوں کا ماسٹر مائنڈ بھی تصور کیا جاتا ہے۔ اسے علاقہ میں شورش پسندی کو از سر نو فعال کرنے کے لیے بھیجا گیا تھا۔ وہ آئی ای ڈی میں ماہر تھا، غاروں سے چھپ کر کام کرتا تھا اور ایک تربیت یافتہ سنائپر بھی تھا۔ شہید اہلکار کی میت کو جنگل سے باہر لایا گیا ہے۔ جموں کے آئی جی آنند جین نے بتایا کہ راجوری کے کالاکوٹ علاقے میں دھرمسال تھانے کے سولکی گاؤں کے باجی مال علاقے میں کم از کم دو دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ خاص اطلاع پر اس علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی گئی تھی۔ جنگلاتی علاقہ ہونے کی وجہ سے دہشت گردوں کے ٹھکانے تلاش کرنے اور ان تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ جنگل میں دو سے تین دہشت گرد موجود ہیں جو ایک مقامی باشندے کے گھر آئے اور وہاں کھانا کھایا۔ گذشتہ 4 دنوں سے فوج اور پولیس علاقے کی چھان بین میں مصروف تھی۔ اس کے بعد فوج اور پولیس نے منگل کو محاصرہ کیا اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔
یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے خاتمہ کے مسلسل دعوے کئے جارہے ہیں لیکن ریاست کے کسی نہ کسی حصہ میں دہشت گرد کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔