کشمیر میں تلاشی کارروائیاں جاری، صحافی سمیت 2افراد گرفتار

   

نئی دہلی؍ سری نگر : جموں و کشمیر میں صحافی مزمل ظہور ملک سمیت دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس اہلکاروں نے صحافی مزمل ظہور ملک کو سرینگر کے علاقہ نوگام سے گرفتار کیا۔ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے علاقہ امام صاحب میں پولیس نے ایک شہری شاہد احمد ڈار ساکن ترنز موہن پورہ کو بھی گرفتار کیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق مزمل ظہور ملک ساکن اندرگام پٹن کے خلاف غیر قانونی سرگرمیاں ایکٹ کے تحت کیس درج کیا گیا۔دوسری جانب ضلع کولگام میں ایک 20 سالہ نوجوان پر اسرار طور پر جاں بحق ہو گیا ہے۔ کولگام کے بیہامہ گائوں میں جمعرات کی صبح ایک 20 سالہ نوجوان کو اپنے دکان کے اندر لٹکا ہوا پایا گیا جبکہ سپریم کورٹ نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے قانون آرٹیکل 370 کی منسوخی کے خلاف مقدمہ کی سماعت موخر کرنے سے انکار کر دیا ہے۔