کشمیر میں جاریہ ماہ کے اواخر تک موسم خراب رہنے کا اندیشہ

   

سری نگر: محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں ماہ رواں کے آخر تک برف و باراں کی پیش گوئی کرتے ہوئے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں اس دوران نصف فٹ تازہ برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے ۔متعلقہ محکمے کے علاقائی ناظم سونم لوٹس نے کہا وادی کشمیر میں 25 فروری کو ہلکے درجے کی بارش یا برف باری ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 26 فروری کو وادی کے میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانی سے ہلکے درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔موصوف ناظم نے بتایا کہ 27 اور 28 فروری کو بھی برف و باراں کا امکان ہے جس دوران گلمرگ، سونہ مرگ، زوجیلہ اور بانہال ٹاپ پر نصف فٹ برف باری ہوسکتی ہے ۔ادھر وادی میں جمعرات کے روز کبھی کہیں کہیں ہلکی بارشیں اور کبھی موسم خشک مگر ابر آلو رہا تاہم آفتاب نے بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے کی کئی کامیاب کوششیں بھی کیں۔