کشمیر میں جلد از جلد الیکشن کروانے کا عزم:چیف الیکشن کمشنر

,

   

سیکوریٹی سے متعلق جائزہ اجلاس کے بعد تواریخ کا اعلان کیا جائے گا
جموں: چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا راجیو کمار نے کل کہا کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ کا اعلان دہلی میں حتمی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کے بعد ہی کیا جائے گا۔تاہم انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن جموں وکشمیر میں فوری انتخابات کے انعقاد کیلئے پر عزم ہے اور انتخابات کو متاثر کرنے والی کوششیں اس عمل کو درہم و برہم نہیں کر سکتی ہیں۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں خطے میں چند دہشت گرد حملوں کے تناظر میں ہماری افواج صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان نے کہا کہ جموں وکشمیر میں کسی کو بھی انتخابی عمل میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جہاں تک انتخابات کی تاریخوں کا تعلق ہے ہم دہلی میں حتمی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کے بعد تاریخوں کا اعلان کریں گے۔ راجیو کمار نے کہاکہ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں جموں وکشمیر کے لوگوں نے انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حد بندی کا عمل مکمل ہونے کے بعد دسمبر کے مہینے میں پارلیمنٹ میں جموں وکشمیر تنظیم نو ایکٹ پاس کیا گیا جس کے بعد چناو کمیشن نے الیکشن کے حوالے سے تیاریاں شروع کیں۔راجیور کمار نے بتا یا کہ جموں وکشمیر میں پر امن، شفاف اور آزادانہ انتخابات کے حوالے سے زمینی سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی پارٹیوں نے کچھ مطالبات بھی سامنے رکھیں جن میں پولنگ بوتھ کے قیام کو دو کلومیٹر کے دائرے میں رکھنے کے ساتھ ساتھ سبھی پولنگ مراکز میں سی سی سی ٹی وی نصب کرنا بھی شامل ہے۔چیف الیکشن کمشنر کے مطابق سیاسی پارٹیوں کے ان دو مطالبات کو پورا کیا گیا اور اس حوالے سے ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی اندرونی یا بیرونی طاقت جموں وکشمیر میں انتخابات میں تاخیر نہیں کرسکتی اور یہ کہ خلل ڈالنے والی قوتوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔راجیور کمار نے کہاکہ جموں وکشمیر کی سبھی سیاسی پارٹیوں نے یک زبان ہو کر الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ سیول انتظامیہ سے وابستہ آفیسران نے میٹنگ کے دوران کہاکہ گر چہ سیکورٹی چیلنجز ہیں لیکن وہ جموں وکشمیر میں پر امن انتخابات کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔