سری نگر۔ سری نگر کے خانقاہ معلیٰ علاقے میں ہفتے کو دو سال بعد حضرت میر سید علی ہمدانی معروف بہ حضرت شاہ ہمدان کا 656 واں عرس مبارک انتہائی تزک و احتشام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ حضرت شاہ ہمدان کے نام سے منسوب خانقاہ معلیٰ میں عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہا اور نماز ظہر میں کافی تعداد میں نمازی شامل تھے ۔ بتا دیں کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران اس عرس مبارک کے موقع پر خانقاہ معلیٰ میں کسی بھی تقریب کا اہتمام نہیں کیا گیا۔ یو این آئی اردو کے نمائندے نے خانقاہ معلیٰ کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ عقیدت مند جوش و خروش کے ساتھ آستان عالیہ کے احاطے میں داخل ہو رہے تھے اور اپنے اپنے حاجات کی روائی اور کورونا وبا کے خاتمہ کے لئے دعائیں کر رہے تھے ۔ موصوف نے کہا کہ کورونا گائیڈ لائنز کا خاص رکھا جا رہا تھا اور عقیدت مند فیس ماسک لگا کر ہی آستانہ کے احاطے میں داخل ہو رہے تھے ۔ قابل ذکر ہے کہ سری نگر میں دریائے جہلم کے کنارے پر واقع حضرت شاہ ہمدان سے منسوب زائد از 600 سال پرانی زیارت گاہ ‘تاریخی خانقاہ معلیٰ’ کے دروازے سال گزشتہ کورونا لاک ڈاؤن کے باعث مقفل رہے ۔ یہ عرس سال 2019 میں پانچ اگست کو مرکزی حکومت کی طرف سے لئے جانے والے فیصلوں سے پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر بھی ملتوی ہی رہا تھا۔اس عرس مبارک کے موقع پر وادی کے گوشہ و کنار سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند اس ولی بزرگ کے مزار پر حاضر ہو تے ہیں۔