کشمیر میں خشک موسم کے بیچ سردی میں اضافہ، گلمرگ سرد ترین مقام

   

سری نگر: وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق اگرچہ موسم خشک ہے لیکن رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہونے سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 19 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔ادھر وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔ لیہہ شاہراہ اور جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر اتوار کو مسلسل چھٹے روز بھی ٹریفک کی نقل و حمل بند رہی۔تاہم وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں کیساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ یک طرفہ ٹریفک کھلی ہے۔ قومی شاہراہ پر کئی مقامات پر برفباری اور تودے گر نے سے ہفتے کے روز کئی گھنٹوں تک ٹریفک کی نقل و حمل بند رہی تھی۔وادی کشمیر میں اتوار کے روز موسم نہ صرف دن بھر خشک رہا بلکہ دوپہر کے بعد آفتاب بھی نمودار ہوا جس سے عوام کو راحت ملی۔