کشمیر میں در اندازی کی کوشش ‘ 3 دہشت گردہلاک

   

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے مڑھل اور ٹنگڈار سیکٹروں میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیکورٹی فورسز کی طرف سے در اندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ فوج نے کہا کہ ٹنگڈار سیکٹر میں ایک جبکہ مڑھل سیکٹر میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔فوج کی چنار کور نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ در اندازی کی ممکنہ کوششوں کے بارے میں مصدقہ اطلاع پر فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے چہارشنبہ اور جمعرات کی درمیانی شب کپواڑہ کے ٹنگڈار علاقے میں مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا۔ اس دوران ممکنہ طور پر ایک دہشت گرد ہلاک ہوا ہے۔اسی نوعیت کے ایک اور واقعہ میںدر اندازی کی ممکنہ کوششوں کے بارے میں مصدقہ اطلاع پر فوج اور پولیس نے کل درمیانی شب کپواڑہ کے مڑھل سیکٹر میں مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا۔ خراب موسم میں مشکوک نقل و حمل کو دیکھا گیا جس پر جوانوں نے موثر فائرنگ کی جس میں ممکنہ طور پر دو دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ خیال رہے کہ یہ واقعات اس وقت رونما ہو رہے ہیں جب جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے لئے گہماگہمی بام عروج پرہے۔