کشمیر میں دہشت گردوں اور مددگاروں کے خلاف کارروائی میں شدت

   

سرینگر: جموں و کشمیر پولیس نے دہشت گردی میں معاونت کے الزام میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ہفتے کو سری نگر شہر میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے ۔ یہ کارروائی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق قانون (یو اے پی اے ) کے تحت درج مقدمات کی تحقیقات کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی۔پولیس کے مطابق، اس کارروائی کا مقصد دہشت گرد تنظیموں کے نیٹ ورک کو توڑنا اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے ۔ چھاپے مکمل قانونی عمل، ایگزیکٹو مجسٹریٹس اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں مارے گئے ۔سرینگر پولیس نے درج ذیل افراد کے رہائشی مکانوں پر چھاپے مارے : امتیاز احمد پرے ولد غلام رسول پرے ، ارش کول ، مطیب ظہور بٹ ، باسط اشرف ملک، محمد رفیق شاہ ، ان چھاپوں کا مقصد ہتھیار، دستاویزات، ڈیجیٹل آلات اور دیگر شواہد جمع کرنا تھا تاکہ کسی بھی سازش یا ممکنہ تخریبی سرگرمی کی بروقت شناخت اور روک تھام کی جا سکے ۔یہ فیصلہ کن کارروائی جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے ڈھانچے کو منہدم کرنے کی کوشش کا حصہ ہے ۔ ایسے تمام افراد جو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث پائے جائیں گے ، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔سری نگر پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں۔