کشمیر میں دہشت گردوں کے ساتھ تصادم ‘ 2 جوان شہید، 3 دیگر زخمی

   

سرینگر :جموں و کشمیر میں ایک بار پھر سیکورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان تصادم کا واقعہ پیش آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اننت ضلع کے دور دراز علاقے میں ہفتہ کے روز دہشت گردوں کے ساتھ ہوئے تصادم میں 2 جوان شہید ہو گئے۔ 3 دیگر جوان زخمی بھی ہوئے ہیں جن کا علاج چل رہا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان یہ تصادم اہلان گڈولے علاقے میں پیش آیا ۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز کے جوان دہشت گردوں کو منھ توڑ جواب دے رہے ہیں۔ ذرائع سے مل رہی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کو علاقے میں کچھ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ اس اطلاع کے بعد پورے علاقے میں تلاشی مہم چلائی گئی۔ اسی دوران دہشت گردوں کے ساتھ تصادم ہوا۔میڈیا کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ تصادم میں 5 جوان زخمی ہوئے تھے۔ ان سبھی کو علاج کیلئے ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں 2 جوان شہید ہو گئے۔ باقی 3 زخمیوں کا علاج چل رہا ہے۔ اس تصادم میں 2 مقامی شہریوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ملی ہے۔ انھیں بھی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔افسران کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد جنوبی کشمیر ضلع کے کوکیرناگ علاقہ واقع اہلان گڈولے میں گھیرابندی اور تلاشی مہم شروع کی۔ دہشت گردوں کی طرف سے تلاشی ٹیم پر فائرنگ کرنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی۔ اس طرح تصادم شروع ہو گیا ۔علاقہ میں تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔