نئی دہلی: جموں وکشمیر میں مرکزی ایجنسیوں اور سیکورٹی اہلکاروں نے ان شہریوں کی فہرست بنانے کے لئے بنیادی سطح پر کام شروع کردیا ہے، جو دہشت گردوں کے ممکنہ ٹارگیٹ ہوسکتے ہیں۔ ایسے لوگوں کی سیکورٹی کے لئے سیکورٹی اہلکار ایک منصوبہ تیار کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی صدارت میں حالیہ سیکورٹی جائزہ میٹنگ کے بعد ایجنسیوں نے منصوبہ پر کام کرنا شروع کردیا ہے۔ روڈ میاپ تیار کرنے اور زمینی سطح کی جانکاری حاصل کرنے کے لئے کچھ دنوں پہلے مختلف ایجنسیوں کے افسران نے جموں وکشمیر کا دورہ کیا تھا۔مرکز کے زیر انتظام ریاست نے گزشتہ سال اکتوبر کے بعد سے دہشت گردوں کے ذریعہ شہریوں کے قتل میں بھاری اضافہ دیکھا ہے۔ وزارت داخلہ نے اینآئی اے کو ان ٹارگیٹ کلنگس کے پیچھے کی بڑی سازش کی جانچ کے لئے معاملہ درج کرنے کا کام سونپا ہے۔ حکومت کے ایک ٹاپ افسر نے بتایا، ’میٹنگ میں اہداف کی ٹارگٹ کلنگ پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ان قتل کے طریقہ کار، ڈیٹا اور دیگر اطلاعات کا تجزیہ کرنے کا فیصلہ لیا گیا اور ممکنہ ٹارگٹس کی پہچان کرنے کا حکم دیا گیا۔
انٹلی جنس ایجنسیوں کو زمینی سطح کی خفیہ جانکاری جمع کرنے کے لئے کہا گیا اور مقامی انتظامیہ کو ان ممکنہ اہداف کی سیکورٹی کے لئے ایک منصوبہ تیار کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔ اس سے متعلق اس مہینے ایک میٹنگ پہلے ہی ہوچکی ہے‘۔