کشمیر میں زبردست برفباری جاری

,

   

وادی بقیہ ملک سے بدستور منقطع، پروازوں میں خلل
سرینگر 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر باقی ملک سے آج دوسرے دن بھی کٹی ہوئی رہی۔ کیوں کہ سرینگر ۔ جموں قومی شاہراہ بند کردی گئی ہے اور فضائی سفر کی خدمات میں خلل اندازی پیدا ہوئی ہے۔ کیوں کہ اِس علاقہ میں زبردست برفباری ہورہی ہے۔ وادیٔ کشمیر اور جموں و کشمیر کے بلند مقامات پر زبردست برفباری گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران درج کی گئی۔ آج سرینگر ایرپورٹ پر 31 پروازیں اُترنے والی تھیں لیکن تاحال اُن میں سے 18 پروازیں ناقص حد بصارت کی وجہ سے منسوخ کردی گئی ہیں۔ ایرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کے بموجب موسم کے حالات میں کوئی بہتری پیدا نہیں ہوئی ہے۔ سرینگر ایرپورٹ پر مزید پروازوں کے آنے کے امکانات بہت کم ہیں۔ ایرپورٹ سے کوئی پروازیں روانہ نہیں ہوئیں کیوں کہ چہارشنبہ کے دن سے زبردست برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹریفک اور پولیس عہدیدار کے بموجب سرینگر ۔ جموں قومی شاہراہ آج دوسرے دن بھی بند رہی۔ کیوں کہ جواہر سرنگ میں برف بھر گئی ہے۔ اونچے مقام پر جیسے ضلع رام بن میں زمین کھسکنے کے واقعات بھی پیش آئے۔