سرینگر ؍ جموں ۔ یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کی ہمالیائی پہاڑیوں میں 3880 میٹر بلندی پر واقع مندر میں پوجا کے لئے سالانہ امرناتھ یاترا انتہائی سخت سکیورٹی انتظامات کے ساتھ پیر سے شروع ہوگئی جس میں گورنر ستیہ پال ملک نے ’پرتھم پجاری‘ (پہلے پجاری) کی حیثیت سے حصہ لیا اور ریاست میں امن کے لئے دعا کی۔ شری امرناتھ شرائن بورڈ (ایس اے ایس بی) کے ایک ترجمان نے کہاکہ ’’یاترا دونوں ریاستوں سے آج صبح شروع ہوئی اور یاتریوں کا پہلا جتھا اپنے سفر کا آغاز کیا۔ ترجمان نے کہاکہ یاترا کو پہلگام اور بلتل بیس کیمپوں پر متعلقہ ضلع انتظامیہ کی طرف سے پرچم دکھاکر وداع کیا گیا۔ نونوان ۔ پہلگام اور بلتل کے کیمپوں کو گزشتہ روز 2,234 یاتری رواں سال کی یاترا کے پہلے جتھے کے طور پر پہونچے تھے جس میں 17 بچے بھی شامل ہیں۔ سالانہ یاترا کے پرامن اور پُرسکون انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سخت ترین سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ گورنر جو شری امرناتھ شرائن بورڈ کے چیرمین بھی ہیں، پہاڑی غار میں موجود اِس مندر میں پوجا کی۔ اُن کے ساتھ اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔ 46 روزہ یاترا 15 اگسٹ کو ختم ہوگی اور اتفاقاً اُس روز رکھشا بندھن تہوار بھی ہے۔ قبل ازیں 4,417 یاتریوں کا ایک جتھا جموں سے بیس کیمپ کے لئے روانہ ہوا تھا۔