کشمیر میں سرد ہواؤں کا زور جاری، پہلگام سرد ترین مقام

   

سری نگر :وادی کشمیر میں سرد ہواؤں کا زور برابر جاری ہے جس کے باعث لوگ جہاں صبح دیر تک گھروں میں ہی محدود ہو کر رہ جاتے ہیں وہیں شام ڈھلتے ہی در و دروازے بند کرکے اپنے اپنے کمروں میں مقید ہوجاتے ہیں۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سری نگر میں 25 دسمبر کو رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3.7 سینٹی میٹر تازہ برف ریکارڈ ہوئی ہے ۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں30 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران 29 اور 30 کے درمیان بالائی کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کا امکان ہے ۔دریں اثنا وادی میں منگل کو صبح سے ہی موسم خشک رہا اور ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی۔خیال رہے کہ وادی میں شہنشاہ زمستان سے مشہور چالیس روزہ چلہ کلان بر سر اقتدار ہے اس کا دور حکومت 21 دسمبر سے شروع ہوکر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے ۔