سری نگر، 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)وادی کشمیر میں 71 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر سیکورٹی اسباب سے اتوار کو ٹرین خدمات معطل رہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہم نے انتظامیہ اور پولیس کے مشورے پر وادی میں تمام ٹرینوں کو معطل کردیا ہے ۔ذرائع نے کہا مسافروں اور ریلوے ملازمین کی سلامتی کے مدنظر محکمہ ریلوے مقامی انتظامیہ کے مشورے پر عمل کررہا ہے ۔ اسی طرح جنوبی کشمیر کے بڈگام۔ سری نگر۔ اننت ناگ۔ قاضی گنڈ سے جموں سیکٹر کے بانہال تک چلنے والی ٹرینیں بھی معطل رہیں گی۔خیال رہے کہ گذشتہ پانچ اگست کو آئین کی دفعہ 370کے خاتمے کے بعد سے ریاست کو مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کردیا گیا۔ جس کے بعد تقریباً ایک سو دن تک سیکورٹی اسباب سے ریلوے خدمات معطل رہیں۔